ملک کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں بارش کے سبب خشک سردی کی لہر جزوی طور پر ختم ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز تک بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم میدانی علاقوں میں دھند اور کُہرپڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب وقفے وقفے سے ہونے والی برسات کے سبب کُہر اور خشک سردی کا سلسلہ جزوی طور پر ختم ہو گیا ہے۔
پنجاب کے متعدد علاقے بدھ کے روز شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اوکاڑہ، ساہیوال، وہاڑی اور گردو نواح میں دھند کے سبب حد نگاہ سو میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے۔
موٹروے ایم ٹو اور ایم فور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ایم فور خانیوال سے ملتان تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر شروع کرنے سے پہلے اور سفر کے دوران ہمسفر ایپ کا استعمال کریں، مزید معلومات یا ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بدھ کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ سردی زیارت میں پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گوپس منفی08، استور منفی06، کالام منفی05، بگروٹ، ہنزہ، پاراچنار، گلگت، راولاکوٹ منفی03، چترال، دیر، مالم جبہ، قلات منفی02، رسالپور، مری، گڑھی دوپٹہ، ژوب، بونجی منفی01 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔