چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ مدینے کی ریاست میں بہترین انصاف کا نمونہ حضرت عمرؓ کا دور تھا اور اگر حکومت حالات بہتر نہیں کرے گی تو یہ ذمہ داری کوئی اور پورے کرے گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے لاہور انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدینے کی ریاست میں بہترین انصاف کا نمونہ حضرت عمرؓ کا دور تھا، انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑا کام ہے، ایماندار قیادت ہی ملک کو ترقی کی جانب لے جاسکتی ہے، صورتحال میں بہتری کیلیے کام کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، حکومتیں نہیں کریں گی تو کوئی تو ذمے داری پوری کرے گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے قومیں بنتی ہیں اور ترقی کرتی ہیں، لیکن بدقسمتی سے ملک میں تعلیم کے شعبے کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، درس گاہوں اور اسکولوں میں وڈیروں کے جانور بندھے ہیں، بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں اسکول تک نہیں، میری اپیل ہے تعلیم اور صحت کو پیسا کمانے یا کاروبار کا ذریعہ مت بنائیں۔