اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر علی کی پرانی لاش چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس اور فرانزک ماہرین نے شواہد کی روشنی میں تصدیق کی ہے کہ ان کی موت اکتوبر 2024 میں واقع ہوئی تھی۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی۔ دروازہ نہ کھلنے پر جب زبردستی اندر داخل ہوا گیا تو اداکارہ کی گل سڑ چکی لاش برآمد ہوئی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا کے مطابق، فلیٹ سے کوئی ردعمل نہ آنے پر دروازہ توڑ کر داخل ہونا پڑا، جہاں اداکارہ کی لاش فرش پر موجود تھی۔
پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاش اس قدر بگڑ چکی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ جاننا ممکن نہیں تھا، تاہم شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ موت تقریباً نو ماہ قبل ہوئی۔ پولیس نے اداکارہ کے فون ریکارڈز، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور پڑوسیوں سے تفتیش کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ وہ اکتوبر 2024 کے بعد زندہ نہیں تھیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اداکارہ نے آخری بار 11 ستمبر 2024 کو فیس بک اور 30 ستمبر 2024 کو انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھی۔ فون ریکارڈز کے مطابق ان کی آخری کال اور موبائل سرگرمی بھی اکتوبر 2024 میں ریکارڈ ہوئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فلیٹ میں آخری بار مئی 2024 میں کرایہ ادا کیا گیا تھا اور اکتوبر کے اختتام پر بجلی منقطع کر دی گئی تھی۔ ممکنہ طور پر حمیرا کی موت بجلی منقطع ہونے سے کچھ ہی روز قبل واقع ہوئی۔ فلیٹ میں پانی کی پائپ لائنیں خشک اور زنگ آلود تھیں، کوئی متبادل بجلی یا موم بتی بھی موجود نہیں تھی۔
جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے مختلف نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے سینئر افسران کے ساتھ جائے وقوعہ کا دوبارہ معائنہ بھی کیا، تاہم انہوں نے حتمی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
تحقیقات کے مطابق اداکارہ کے فلیٹ والی منزل پر صرف ایک اور اپارٹمنٹ موجود تھا، جو اس دوران خالی تھا، جس کی وجہ سے لاش کی موجودگی طویل عرصے تک کسی کو محسوس نہ ہوئی۔ دوسرے فلیٹ کے مکین فروری 2025 میں واپس آئے تو تکلیف دہ بدبو بہت حد تک ختم ہو چکی تھی۔
اداکارہ کے بہنوئی نے اب حکام سے رابطہ کر کے میت وصول کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ان کے مطابق، حمیرا کے والد اچانک وفات کی خبر سے شدید ڈپریشن میں چلے گئے تھے جس کے باعث ابتدائی طور پر میت لینے سے گریز کیا گیا، تاہم اب وہ میت لینے کو تیار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضوں کے تحت میت صرف خونی رشتہ دار کے حوالے کی جائے گی، اور بہنوئی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی قریبی خون کے رشتے دار کے ہمراہ آئیں تاکہ تدفین کی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
واضح رہے کہ ابتدائی اطلاعات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اداکارہ کے والدین سے تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث اہل خانہ نے میت وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، تاہم اب صورتحال واضح ہو چکی ہے اور آخری رسومات جلد انجام دی جائیں گی۔