خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں سات قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جب ایک مسافر گاڑی گندال کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ یہ گاڑی گندل سے صدہ کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔
حادثے کے نتیجے میں سات افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مرکز صحت منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ سینٹرل کرم کے علاقے میں پیش آیا جہاں دشوار گزار راستوں اور تنگ موڑوں کی وجہ سے ایسے واقعات اکثر پیش آتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جب کہ قریبی دیہات کے رہائشیوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو نکالنے اور لاشوں کو منتقل کرنے میں مدد فراہم کی۔
یاد رہے کہ صرف ایک روز قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان کی تحصیل پہاڑ پور میں چشمہ روڈ پر ایک المناک حادثے میں ایک خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد صوبے میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے سوالات مزید بڑھ گئے ہیں۔