راولپنڈی: ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات نے سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی قیادت میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس کے دوران ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کی سمت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے چیئرمین کامران ارشد، معروف صنعتکار ایس ایم تنویر اور دیگر نمایاں کاروباری رہنما شریک ہوئے۔ ملاقات میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدور کی موجودگی نے بھی اس نشست کو مزید اہم بنا دیا۔
گوہر اعجاز نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اقتصادی استحکام کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں اور کاروباری برادری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ معاشی اصلاحات کو مؤثر بنانے کے لیے کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود میں مناسب کمی کی جائے تاکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ حالیہ وفاقی بجٹ میں کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دی جائے تاکہ کاروباری برادری کے تحفظات دور ہو سکیں۔
گوہر اعجاز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملکی معیشت کو برآمدات کے فروغ پر مبنی ماڈل کی طرف لے جایا جائے، تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے ملکی کپاس کے تحفظ اور کسانوں کو درپیش مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔