وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صرف سات روز میں کئی شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے صارفین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں چینی کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی کلو ریٹ ایک ہفتے میں 20 روپے بڑھ گیا۔ اس اضافے کے بعد شہری ملک کی سب سے مہنگی 220 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
حیدرآباد میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں رہی، وہاں ایک ہفتے میں قیمت 15 روپے تک بڑھ گئی اور تازہ ریٹ 215 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چینی کی قیمتوں میں 2 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 216 روپے فی کلو ہے۔
اس کے علاوہ خضدار میں چینی 210 روپے فی کلو، لاڑکانہ میں 205 روپے فی کلو، جبکہ اسلام آباد اور پنجاب بھر میں یہ ریٹ 190 روپے فی کلو ہے۔
پشاور میں چینی کی قیمت بڑھ کر 190 روپے فی کلو ہوگئی، جبکہ سکھر میں یہ 195 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت میں 37 پیسے کا اضافہ ہوا، جس سے اوسط قیمت بڑھ کر 189 روپے 98 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔
ایک ہفتہ قبل چینی کی اوسط قیمت 189 روپے 61 پیسے تھی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہی چینی صرف 131 روپے 85 پیسے میں دستیاب تھی، جو موجودہ اضافہ کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق چینی کی مسلسل بڑھتی قیمت نہ صرف شہریوں کے لیے مالی بوجھ بن رہی ہے بلکہ مجموعی مہنگائی پر بھی اس کا براہِ راست اثر پڑ رہا ہے، جس سے کھانے پینے کی دیگر بنیادی اشیا کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے کا خدشہ ہے۔