پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلح افواجِ پاکستان نے ملکی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا اور بھارت کے خلاف حاصل کی گئی کامیابی محض جنگی نہیں بلکہ ایک واضح اخلاقی فتح بھی ہے۔
کیڈٹ کالج پٹارو میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان آج بھی معاشی دباؤ سمیت مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، تاہم قوم میں ان مشکلات سے نکلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کا پاکستان انہی افراد کے ہاتھوں تعمیر ہوگا جو شارٹ کٹ اختیار کرنے کے بجائے دیانت داری، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت، اور آسان راستے کے بجائے ہمت اور استقامت کو ترجیح دیتے ہیں۔
افواجِ پاکستان سے متعلق بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارتی حملے کے جواب میں مسلح افواج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے نہ صرف ملکی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ جب پاکستانی عوام متحد ہوتے ہیں تو انہیں شکست نہیں دی جا سکتی، اور یہی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔