وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں اہم قومی اور صوبائی امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات وزیرِ اعظم ہاؤس میں جاری ہے۔
اس ملاقات میں خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی شریک ہیں، جبکہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور رانا ثناء اللّٰہ بھی وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچ چکے ہیں، جس سے ملاقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وادیٔ تیراہ کی صورتحال، امن جرگہ اور انسدادِ دہشت گردی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی، جبکہ خطے میں امن و استحکام سے جڑے معاملات بھی زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ انہیں آج وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے ملاقات کی دعوت موصول ہوئی ہے، جس کے بعد وہ اسلام آباد پہنچے۔