حکومتِ پنجاب نے صوبے میں دو اضافی عام تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر میں 6 اور 7 فروری 2026 کو سرکاری سطح پر عام تعطیلات ہوں گی، جس کے نتیجے میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ اور ہفتہ، یعنی 6 اور 7 فروری کو صوبے میں سرکاری تعطیل ہوگی، جبکہ اس سے قبل 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر پہلے ہی عام تعطیل کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ 8 فروری کو اتوار کی ہفتہ وار تعطیل ہونے کے باعث صوبے میں شہری مسلسل چار دن کی چھٹیوں سے مستفید ہو سکیں گے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعطیلات پورے صوبہ پنجاب میں نافذ العمل ہوں گی۔ اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، جبکہ صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بھی ان دو دنوں کے دوران بند رہیں گے۔
حکومت پنجاب نے یومِ کشمیر کے موقع پر 5 فروری کی عام تعطیل کا الگ سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔