سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خضدار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ایک سے زائد مرتبہ زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 5.6 تھی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے تقریباً 86 کلومیٹر شمال مشرق میں بتایا گیا ہے۔
خضدار میں پہلا جھٹکا صبح 10 بج کر 52 منٹ پر محسوس کیا گیا جبکہ دوسرا جھٹکا 11 بج کر 30 منٹ پر ریکارڈ ہوا، جس کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
اس کے علاوہ نصیر آباد، گنداواہ، سبی، کچھی، جھل مگسی اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے علاقے میں وقتی طور پر اضطراب کی کیفیت پیدا ہو گئی۔
صوبہ سندھ کے مختلف شہروں سکھر، جیکب آباد، دادو، میہڑ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
حکام کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔