کراچی کے شمال مغربی حصوں میں بارش برسانے والے بادل بننا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بادل شہر کے شمالی علاقوں میں بارش کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 23.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بارشیں برسانے والا مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، جس کے اثرات صوبے کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔