بانی پی ٹی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شرو ع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے۔
بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لیکر آئے،کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا یہ باتیں بانی پی ٹی آئی نے کبھی سرعام نہیں کیں، اگر یہ باتیں غلط ہوں تو سابق آرمی چیف سے اور ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے کیونکہ با نی پی ٹی آئی کو یہ باتیں کسی نے بتائیں تھی۔
احتجاج کے حوالے سے بشریٰ بی بی نے کہا بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے سب 24 نومبر کے احتجاج کا حصہ بنیں، 24 نومبر کی تاریخ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی، جب تک بانی پی ٹی آئی خود تاریخ بدلنے کا اعلان نہیں کرتے احتجاج کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا ہمارا احتجاج آئین و قانون کے مطا بق ہوگا، قانون کے مطابق کسی کو پرامن احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا، 24نومبر کو پاکستان کا ہر طبقہ احتجاج کا حصہ بنے، یہ صرف عمران خان کی جنگ نہیں بلکہ ملک کیلئے حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔
اپنے ویڈیوپیغام میں انہوں نے کہا عمران خان نے ہر طبقے کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، اگر تمام لوگ اس احتجاج کا حصہ بنیں گے تو کامیابی ہمارا مقد ر بنے گی،بشریٰ بی بی نے کہا عمران خان نے ججوں اور وکیلوں سے درخواست کی ہے وہ احتجاج کا حصہ بنیں اور 24نومبر کو اسلام آباد پہنچیں کیونکہ وہ قانون کی بالادستی کیلئے جیل میں ہیں، عمران خان نے اس حوالے سے لائحہ عمل اور پیغامات بھیجے ہیں لیکن وہ وقت کیساتھ بتائے جائیں گے۔
بشریٰ بی بی نے کہا عوام کا فرض بنتا ہے وہ اس احتجاج کیلئے نکلیں، پو لیس اور اداروں سے اپیل ہے پرامن مظاہرین پر ظلم نہ کریں، ہم نے کبھی قانون ہاتھ میں لیا اور نہ لیں گے، اداروں کو بھی یہ بتانا چاہتی ہوں بانی پی ٹی آئی عمران خان طاقت میں آکر کسی سے بدلہ لینے کی خواہش نہیں رکھتے، جیل میں انہوں نے سیکھا ہے طاقت میں آکر معافی کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں، جو بھی ان کے حوالے سے یہ کہہ رہا وہ بدلہ لیں گے تو یہ سب جھوٹ ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا ہم نے ورکرز کو جہاد کے نعرے لگانے کو نہیں کہا،جہاد کا نعرہ کارکنان کے دلوں سے خود نکلتا ہے، ہر چیز کرانے والی ذات صرف اللہ کی ہے، ہماری دعا ہے ہمارے ہاتھ سے اللہ اچھے کام کرائے۔