شہر قائد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، جبکہ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تمام علاقوں میں بجلی بحال ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہیٹ ویو کے امکان کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے،بجلی سے متاثرہ علاقوں میں لیاری، گلستان جوہر ، اورنگی، نارتھ کراچی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد، ناظم آباد، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔
کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی عدم فراہمی پرعلاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور کےالیکٹرک کو آڑے ہاتھوں لیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہردوگھنٹے بعد چار گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اور شکایتی مرکز پر کوئی فون نہیں اٹھاتا۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے سب اچھا ہے کا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ تمام علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔