سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس فیصل آغا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سندھ حکومت کو 20 روز کے اندر میڈیا اداروں کو تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے سندھ حکومت کو 20 روز کے اندر میڈیا اداروں کو تمام واجبات ادا کرنے کا حکم کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی جانب سے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک کے دائر کردہ توہین عدالت کے مقدمے کے سماعت کے دوران دیا۔
سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے سی پی این ای کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ 30 مئی 2019 کو سندھ ہائی کورٹ کے واضح احکام کے باوجود سندھ حکومت اخبارات اور میڈیا اداروں کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے اخبارات و دیگر میڈیا ادارے شدید مالی بحران سے دوچار ہیں اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور مشکلات درپیش ہیں۔
دوران سماعت سندھ کے محکمہ اطلاعات کے افسران نے عدالت کو بتایا کہ واجبات سے متعلق محکمہ خزانہ سے منظوری سمیت بلوں کی تصدیق کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور اب اکاؤنٹنٹ جنرل (AG) سندھ کے پاس چیک جاری کرنے کے لیے بھیجے جا رہے ہیں لہٰذا توہین عدالت کی درخواست خارج کی جائے۔
عدالت نے توہین عدالت کے الزام کو خارج کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ توہین عدالت کی درخواست نمٹائی نہیں جا رہی ، اگر مقررہ مدت کے اندر واجبات ادا نہ کیے گئے تو توہین عدالت کی کارروائی جاری رہ سکتی ہے۔
عدالت نے اخبارات اور میڈیا اداروں کو واجبات کی 20 روز میں ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 ستمبر 2019 تک ملتوی کر دی۔
سی پی این این کی جانب سے رفیق کلوڑ ایڈووکیٹ نے پیروی کی جب کہ اس موقع پر میڈیا اداروں کے ایڈیٹر اور دیگر ملازمین بڑی تعداد میں عدالت میں موجود تھے۔