وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے اور تمام صوبائی حکومتوں کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور افراط زر پر قابو پانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اشیائے خورونوش خصوصاً گندم، چینی، گھی، دالیں، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں کا جائزہ اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں گندم کی فراہمی، دستیابی اور قیمتوں میں اتار چڑھاوٴ کو منظم رکھنے کے حوالے سے صوبہ پنجاب، خیبرپختونخواہ اور سندھ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ گندم کے مناسب ذخیرے کو یقینی بنانے اور قیمت کو قابو میں رکھنے کے ضمن میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخواہ کی حکومتوں کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاوٴن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کاشتکار اور کسان کا استحصال نہ ہو اور آڑھتی ناجائز منافع خوری نہ کریں۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی گندم اور آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنے کیلئے فی الفور تجاویز مرتب اور موثر فیصلے کرے اور گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ضرورت کے تحت درآمد سمیت تمام انتظامی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر لیے جائیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اشیائے ضروریہ کے لیے ’’درست قیمت‘‘ ایپلی کیشن پر مبنی نظام متعارف کرایا جائے اور منڈی سے مارکیٹ کے تمام عمل کو شفاف، سہل اور آسان بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔