سری لنکا کے بعد آسٹریلیا سے بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کے باوجود پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار ہے۔ بھارت، سری لنکا اور پاکستان سے تین سیریز کا فاتح آسٹریلیا ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پرپہنچ گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا اور آسٹریلیا سے دو سیریز ہارنے کے باوجود آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بدستور ٹاپ پوزیشن پر فائز ہے۔آسٹریلیا، بھارت، سری لنکا اور پاکستان سے مسلسل تین سیریز جیت کر محض ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر فائز ہو گیا۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ سے سیریز دو، دو سے برابر کرنے کے بعد ایک درجہ ترقی کے بعد دوبارہ تیسرے نمبر پرپہنچ گیا۔ جنوبی افریقہ چوتھی پوزیشن پر چلا گیا۔
تازہ ترین آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان کے 4 پوائنٹس کم ہو کر 270 رہ گئے لیکن اس کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے۔ آسٹریلیا، پاکستان سے محض ایک پوائنٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پرفائز ہوگیا۔ نیوزی لینڈ سے تیسراٹی ٹوئنٹی ہارنے پرانگلینڈ چوتھے نمبر پرچلا گیا تھا۔ لیکن چوتھا میچ جیتنے اور سیریز دو، دو سے برابر کرنے کے بعد انگلش ٹیم 263 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ اس نےجنوبی افریقہ کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا۔ جنوبی افریقہ کے 262 پوائنٹس ہیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ بھارت 259 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ 254 پوائنٹس چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔