لاہور: وزیراطلاعات برائے پنجاب فیاض الحسن چوہان پر وکلا نے حملہ کیا اور اغوا کرنے کی کوشش کی ہے۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں وکلا کی جانب سے توڑ پھوڑ اور تشدد کے بعد صوبائی وزیر وہاں بیچ بچاو کرانے پہنچے تھے۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے والے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن پر وکلاء نے حملہ کیا، ان کے بال نوچے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ’وکلا نے اغوا کرنے کی کوشش کی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’میں اپنی ذمہ داری پوری کرنے آیا تھا، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں، وکلا کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔
وکلا نے ناصرف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسپتال اور باہر پارک کی گئی متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے جبکہ ایک پولیس موبائل کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں اپنی مصروفیات منسوخ کردیں اور کہا کہ وہ فوری طور پر لاہور جارہے ہیں۔