اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان جنیوا سے خصوصی طیارے پر واپس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے 15 دسمبر سے 21 دسمبر تک بحرین، سوئٹزرلینڈ اور ملائشیا کے دورے کرنے تھے۔
ان دوروں سے قبل 14 دسمبر کو عمران خان سعودی عرب روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی تھی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
سعودی عرب کے بعد وزیراعظم پاکستان نے بحرین کا دورہ کیا جہاں انہیں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ شاہ حمد آرڈر آف رئیسانی سے نواز گیا۔
بحرین کے بعد عمران خان عالمی پناہ گزینوں کے فورم میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے تھے۔
سوئٹزرلینڈ کے بعد وزیراعظم نے کولالمپور سمٹ میں شرکت کیلئے ملائیشیا روانہ ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر دورہ منسوخ کرنا پڑا ہے۔
قبل ازیں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کولالمپور سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے تاہم ان کا دورہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ ترک صدر رجب طیب اردگان، قطری امیر شیخ تمیم بن حم آل ثانی اور ایران کے صدر حسن روحانی کو بھی کولالمپور سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
سمٹ 18 سے 21 دسمبر کو ملائیشیا میں منعقد ہونا ہے جس میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے جب کہ سعودی عرب، امارات اور بحرین بھی اس میں شریک نہیں ہیں۔