چین نے کورونا (کووڈ 19) کے بڑھتے واقعات پر تنقید کے پیش نظر غیر ملکی صحافیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے واقعات میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 1693 نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق چین کے صوبے ہوبئی میں کورونا وائرس سے مزید 108 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 112 ہو گئی ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 75 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
چین کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق روز مرہ کی بنیاد پر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
چین کے علاوہ ایران میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ دو افراد کی اموات کی تصدیق ہوئی ہے جو مشرق وسطیٰ میں وبا کا پہلا کیس ہے۔
اس کے علاوہ ہانگ کانگ، جاپان، تائیوان اور فرانس میں بھی کورونا کے باعث ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے حوالے سے چینی حکومت کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنانے پر چین کی وزارت خارجہ نے غیر ملکی صحافیوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیئے۔