اسلام آباد: حکومت نے انور منصور خان نے استعفیٰ لینے کے بعد خالد جاوید خان کو نیا اٹارنی جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس خبر کی تصدیق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان ایک ٹوئٹ کے ذریعے کی جس میں انہوں نے کہا کہ آئین کی سربلندی اور قانون کی حکمرانی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ تمام آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں،ان کی عزت و توقیر ہمارے لئے انتہائی مقدم ہے۔
خالد جاوید خان کی تقرری انور منصور خان کی جگہ کی جائے گی جو گزشتہ روز مستعفی ہو گئے تھے۔ وزارت قانون کے مطابق اٹارنی جنرل انور منصور کو حکومت کی جانب سے مستعفی ہونے کا کہا گیا تھا۔
انورمنصور خان صدر پاکستان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں مؤقف اپنایا کہ پاکستان بار کونسل نے اس کا مطالبہ کیا تھا اور میرے لیے یہ افسوس کی بات ہے کہ جس بار کونسل کا چیئرمین ہوں اس نے استعفے کے مطالبا کیا۔
پاکستان بار کونسل نے الزام لگایا تھا کہ اٹارنی جنرل حکومت کے کہنے پر عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ انور منصورخان عدالت سے تحریری معافی مانگنے کے ساتھ عہدے سے استعفی دیں۔