اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام حقوق العباد کی بہترین مثال ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ریاست نے نادار طبقے کی کفالت کا بیڑا اٹھایا ہے اور احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے تحت ریاست عوام کے حقوق کا تحفظ کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمزور اور پسماندہ طبقے کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئے پاکستان کی بنیاد احساس پر رکھی گئی ہے اور احساس کا جذبہ ریاست مدینہ کی عکاسی کرتا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام وزیراعظم کے وژن کا عکاس ہے، قرآن کریم میں سب سے پہلے حقوق العباد کی تشریح کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد میں توازن کے بغیر ہم اچھے انسان نہیں بن سکتے اور احساس کیش ایمرجنسی پروگرام حقوق العباد کی بہترین مثال ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے مستحقین کے لیے شروع کیے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے کوڈ 8171 پر ایس ایم ایس سروس مفت کردی گئی۔
پی ٹی اے نے جاری بیان میں کہا تھا کہ ایس ایم ایس 10 اپریل سے مفت بھیجے جائیں گے۔
خیال رہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے کوڈ 8171 پر بھیجے گئے ایس ایم ایس پر چارجز لاگو کرنے پر عوام نے پی ٹی اے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔