سندھ میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کا آج 47 واں دن ہے جبکہ ساڑھے تین گھنٹے کے سخت، مکمل اور مختصر لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ کئی جمعے کی طرح کراچی سمیت صوبے بھر میں آج بھی 12 سے ساڑھے 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن برقرار رکھا گیا ہے۔
سندھ کے محکمۂ داخلہ کے مطابق صوبے بھر میں دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 126 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 33 مقدمات درج ہوئے، جس کے بعد شہر میں اب تک لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار ملزمان کی تعداد 10 ہزار 987 ہوگئی ہے۔
صوبے کی پولیس کے مطابق گزشتہ روز لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر حیدر آباد میں 27 افراد گرفتار، 4 مقدمات درج، میرپور خاص میں 3 افراد گرفتار، 2 مقدمات درج، سکھر میں 7 افراد گرفتار، 1 مقدمہ درج، لاڑکانہ میں 29 افراد گرفتار، 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔