ڈیرہ غازی خان میں دھند کے باعث مسافر کوچ نہر میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ سولہ لاپتہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ تحصیل تونسہ شریف میں وہوا کے مقام ہیڈ صوبہ پر پیش آیا، جہاں دھند کے باعث مسافر کوچ نہر میں گری، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ بس میں سوار چھ افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاپتہ مسافروں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بس میں پچیس مسافر سوار تھے،بدقسمت بس وہوا سے ڈی جی خان جا رہی تھی جبکہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔
اس سے قبل آج علی الصبح راجن پورمیں بنگلہ دھینگن کے قریب تیز رفتار بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں چار مسافر جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے تھے۔