پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کیلئے بری خبر، فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام استعمال کرنے والوں کو کئی روز مسائل کا سامنا ہو گا۔
گزشتہ روز سے پاکستان بھر کے صارفین کو انٹرنیٹ سروسز تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے قریب انٹرنیٹ کیبل خراب ہونے سے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہے، ڈیٹا ٹریفک کو کم صلاحیت والی کیبلز میں منتقل کیا جانے لگا۔
ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے مطابق فالٹ والی کیبلز کی نشاندہی کرلی گئی ہے، جلد فالٹ دور کردیا جائے گا۔
تاہم ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ انٹرنیٹ سروسز کب تک بحال ہوں گی۔ اتھارٹی کے مطابق زیر آب کیبلز میں خرابی کو دور کرنے کے لیے کام جاری ہے تاہم اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
گزشتہ روز 25 ہزارکلومیٹر طویل ایشیا یورپ ڈبل اے ای ون کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار میں اچانک کمی آ گئی تھی۔
ٹیلی کام ذرائع کے مطابق 40 ٹیرا بائیٹ کا اہم ترین کیبل فجیرا کے قریب خراب ہوگیا جس کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ اسپیڈ سست ہے۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ڈیٹا ٹریفک کی دیگر کم گنجائش والے کیبلز پر منتقلی کی جارہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 ٹیرابائیٹ کیبل کی مرمت میں کئی دن بھی لگ سکتے ہیں۔
دوروز سے انٹر نیٹ کی اسپیڈ کم ہونے کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔