سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے نے استعفیٰ دے دیا۔ رانل وکرما سنگھے اتوار کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔
سری لنکا کے متنازع وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے آج سات ہفتوں کے سیاسی بحران کے بعد آج مستعفی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق رانل وکرما سنگھے اتوار کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ سری لنکا کی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ پارلیمنٹ کو توڑ کر غیر قانونی کام کیا ہے۔راجہ پاکسے کے بیٹے نمل پاکسے کا کہنا تھا کہ ان کے والد سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد متنازع بن گئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ نمل کا کہنا تھا ان کے والد ملکی استحکام کیلئے مستعفی ہورہے ہیں۔
سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے 28 اکتوبر کو اپنے ہی حلیف وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو برطرف کر کے اپوزیشن لیڈر مہندرا راجاپاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا تھا۔ جسے وکرما سنگھے نے ماننے سے انکار کردیا تھا۔ وکرما سنگھے کے صدر کا فیصلہ نہ ماننے اور وزیراعظم ہاؤس خالی نہ کرنے پر صدر سری سینا نے پارلیمنٹ کو ہی معطل کردیا تھا تاکہ نئے وزیراعظم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے لابی کرسکیں۔
صدر سری سینا کے مقرر کردہ وزیراعظم پارلیمنٹ سے مطلوبہ حمایت حاصل نہ کرسکے جس کے بعد 10 نومبر کو صدر سری سینا نے پارلیمنٹ ہی تحلیل کردی اور نئے الیکشن کے لیے 5 جنوری کی تاریخ دے دی تھی۔ صدر سری سینا کے فیصلوں کے خلاف سابق وزیراعظم وکرما سنگھے نے سپریم کورٹ سے رجوع کر کے انتخابات رکوانے اور اسمبلی کی بحالی کی استدعا کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلے میں اسمبلی بحال کردی۔