بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بعد معروف اداکار رتیش دیش مکھ بھی اپنی نئے آنے والی فلم میں بونے شخص کا کردار ادا کریں گے۔
فلم زیرو میں بونے شخص کا کردار ادا کرنے والے شاہ رخ خان کے منفرد کردار کی وجہ سے فلم ریلیز سے قبل ہی شائقین کی جستجو بڑھانے میں کافی کامیاب رہی ہے تاہم فلم میں شاہ رخ خان کے کردار کی مقبولیت کے پیش نظر ماضی میں فلم ’ایک ولن‘ میں ولن کا کردار ادا کرنے والے رتیش دیش مکھ نے بھی بونا ولن بننے کی مکمل تیاری کرلی ہے۔
معروف فلمی تجزیہ کار ترن ادرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رتیش دیش مکھ نئی آنے والی فلم ’مرجاواں‘ میں بونے ولن کا کردار ادا کریں گے جس میں اُن کے مد مقابل فلم ’ایک ولن‘ ہی کے اداکار سدھارت ملہوترا مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔
ترن ادرش نے مزید بتایا کہ عدنان اے شیخ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں معروف اداکارہ تارا ستاریہ اور ساؤتھ انڈین اداکارہ راکول پریتھ سنگھ جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی جب کہ فلم آئندہ برس 2 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔