اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ٹیکس کے ذریعے قومی خزانے میں دو کروڑ 66 لاکھ 27 ہزار روپے جمع کرائے ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کردہ پارلیمنٹیرینز کی ٹیکس ڈائریکٹری میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے 2019 میں دو کروڑ 66 لاکھ 27 ہزار روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹیکس کی مد میں 42 لاکھ 72 ہزار426 روپے ادا کیے ہیں جب کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے ایک لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد ٹیکس دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ٹیکس ڈائریکٹری کے تحت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیکس کی مد میں 8 لاکھ 51 ہزار روپے سے زائد ادا کیے ہیں۔
اعداد و شمار کے تحت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ٹیکس کی مد میں 5 لاکھ 57 ہزار450 روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ٹیکس کے ذریعے قومی خزانے میں 7 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد کی رقم جمع کرائی ہے۔
عمران خان، شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے کتنا ٹیکس ادا کیا؟ ایف بی آر نے بتادیا
وزیراعظم عمران خان نے 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔
ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے 82 لاکھ 42 ہزار662 روپے ٹیکس دیا۔
ایف بی آر کی ٹیکس ڈائریکٹری کے تحت چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پانچ لاکھ 35 ہزار 243 روپے ٹیکس ادا کیا۔
سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے 22 لاکھ 18ہزار229 روپے ٹیکس دیا جب کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کےمرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے 48 لاکھ 71 ہزار277 روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔
وزرائے اعلیٰ نے ٹیکس کے ذریعے قومی خزانے میں کیا جمع کرایا؟
اسلام آباد: پاکستان اور پنجاب کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹیکس کی مد میں صرف دو ہزار روپے ادا کیے ہیں۔
ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ صوبہ خیبرپختونخوا محمود خان نے 66 ہزار 258 روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 19 لاکھ 21 ہزار 914 روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے دس لاکھ 61 ہزار 777 روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ٹیکس کی مد میں ایک کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار 799 روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔ واضح رہے کہ جام کمال کا تعلق بھی بلوچستان عوامی پارٹی سے تھا۔