وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان نے کی اور سول تنصیبات پر توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف سویلین قوانین کے تحت کارروائی ہوگی جبکہ فوجی تنصیبات کی حدود آرمی ایکٹ ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا واضح اعلامیہ جاری ہوا تھا، اس کے تحت کسی قسم کا ابہام باقی نہیں رہا کہ 9 مئی قومی سانحہ تھا اور یوم سیاہ کے طور پر اعلان کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اکسانے اور سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے مسلح جتھوں کو مختلف فوجی تنصیبات، ہسپتالوں اور اسکولوں پر بھیج دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک دشمنی ہے اور ملک سے بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، اس میں کسی طور بھی عوامی احتجاج کا تاثر نہیں تھا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کی کارروائی تھی، جو عمران خان کے کہنے پر ہوئی، زمان پارک میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کی۔