وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں، تنازعات کے پر امن حل پر یقین رکھتے ہیں، بات چیت سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو پاکستان منرل سمٹ (ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ) کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان منرلزسمٹ اسلام آباد میں جاری ہے جس کا مقصد ملک میں کان کنی اور معدنیات کی صنعت کی ترقی کے وسیع امکانات کی تلاش اورانہیں بروئے کارلاناہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف، بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزرائ، معدنیات کی صنعت سے تعلق رکھنے والی مختلف بین الاقوامی اور ملکی کمپنیوں کے سربراہ ، سفارت کار اور اعلیٰ حکام افتتاحی نشست میں شرکت کر رہے ہیں۔
یہ اجلاس جس کا موضوع ’’مٹی سے ترقی تک، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ ہے, میں بین الاقوامی سرمایہ کار، کان کنی کے بڑے ادارے، کارپوریٹ رہنما اور حکومتی شراکت دار شرکت کر رہے ہیں تاکہ آج پاکستان میں موجود وسیع معدنیات کو تلاش کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جا سکے۔
سمٹ سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے لئے آج ایک اہم دن ہے، یہاں پر مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار اور دیگر افراد موجود ہیں۔ ریکو ڈک منصوبہ ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ گزشتہ 75 سال میں ہم نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہ دی، کیا ہم کسی کارٹل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر کے ذخائر موجود ہیں اور ابھی تک دیکھیں تو ہم کہاں کھڑے ہیں۔ پاکستان سٹیل مل 70 کی دہائی میں روس کی شراکت سے تعمیر کی گئی اور اس کا تمام خام مال درآمد کیا جاتا رہا۔ کالا باغ میں لوہے کے ذخائر تک رسائی حاصل کی گئی لیکن انہیں بھلا دیا گیا۔ اس کو آج کے دور کی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس اسٹیل مل کے خام مال کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔