پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے صدر نے الیکشن کی تاریخ دی تو ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
پاک الرٹز نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر نیئر بخاری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کا انعقاد قوم اور ریاست کے حق میں ہے اور پیپلز پارٹی کا بھی واضح موقف ہے کہ ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے، اگر صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا تو ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ آئین کا تحفہ دینے والی پیپلز پارٹی آئین کو ہی بالا دست سمجھتی ہے، انتخابات میں تاخیر سے کوئی فائدہ لینے کا سوچ رہا ہے تو فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ سیاست ہونی چاہیے لیکن اس کی آڑ میں ریاست دشمنی نہیں ہونی چاہیے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف مہم توہین عدالت ہے۔ اس وقت مہنگائی کی صورتحال کے بعد لوگ بے چین اور مایوس ہیں، سیاسی جماعتوں کا کام عوام کو ریلیف دینا ہوتا ہے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز متفقہ لائحہ عمل بنائیں، کاروباری وتجارتی مراکز صبح جلد کھولے اور شام کو جلد بند کیے جائیں جب کہ بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتیں شہریوں کو سولر سسٹم کے لیے مالی معاونت کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تباہ حال معیشت کی وجہ پی ٹی آئی حکومت کا آئی ایم ایف کے معاہدے اور شرائط توڑنا ہے۔