آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے محمد شامی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد بھارتی ٹیم میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 398 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49ویں اوورز میں 327 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔
نیوری لینڈ کی اننگز
398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اس کے دونوں اوپنرز ڈیون کونوے اور راچن رویندرا 13، 13 رنز بنا کر 39 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، دونوں کو محمد شامی نے آؤٹ کیا۔
ایسے میں ڈیرل مچل اور کپتان کین ولیمسن کے درمیان تیسری وکٹ پر 181 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے نیوزی لینڈ کو جیت کی امید دلائی۔
تاہم 220 کے مجموعے پر بھارتی بولر محمد شامی ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کے لیے مردِ بحران ثابت ہوئے اور انہوں نے پہلے 69 رنز بنانے والے کین ولیمسن اور پھر اسی مجموعے پر ٹام لیتھم کو صفر پر آؤٹ کردیا۔