سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں، جن کے تحت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے، نئے روٹس متعارف کرانے اور خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے عملی اقدامات بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اور مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ ہفتے سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو ریلیف ملے گا، جبکہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور کے روٹس پر بھی بس سروس شروع کی جائے گی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ کراچی کے بعد سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات جلد منعقد کی جائیں گی، اور یہ اقدام خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس کے تحت حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جائے گی، جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید بسیں ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ بنیں گی اور مختلف اضلاع میں مرحلہ وار سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور سفری دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے برقی، ہائبرڈ اور دو منزلہ بسوں کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ جدید اور ماحول دوست نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ برقی ٹیکسی اور خواتین کے لیے خصوصی ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے، اور اس ماہ کے آخر تک تمام ضروری مراحل مکمل کر لیے جائیں گے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ برقی ٹیکسی سروس جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگی، جس سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سہولت میسر آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔