سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کا اعلان کیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور دیرینہ برادرانہ روابط کا عملی اظہار قرار دیا جا رہا ہے، اور اس اقدام کو پاکستان کی معیشت کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی قیادت نے حالیہ دنوں میں اپنے وزیر خزانہ کو پاکستان بھیجا، جنہوں نے پاکستانی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ ایک خلیجی ملک کی جانب سے تقریباً 3 ارب ڈالر کی واپسی کے باعث پیدا ہونے والے زرِ مبادلہ کے خلا کو سعودی عرب پورا کرے گا، تاکہ مالی استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب اسی مالیت کا ڈپازٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گا، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا، جبکہ حکام نے اس اقدام کو غیر معمولی اور خصوصی قرار دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد اور قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک میں پہلے ہی سعودی عرب کے تقریباً 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں، جبکہ پاکستانی سول و عسکری قیادت نے اس بروقت تعاون پر سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کی علامت قرار دیا ہے۔