پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 16 سے 19 اپریل کے دوران بارشوں اور تیز ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی سامنے آئی ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ کھڑی فصلوں پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے کسانوں کو خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔