دبئی نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان خصوصاً پنجاب میں سموگ کا ذمہ دار بھارت کو قرار دے دیا ہے۔
کاپ 28 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر جلانے سے پاکستانی پنجاب متاثر ہے، اقوام عالم اسموگ کے خطرناک مسئلے کے حل کیلیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔
محسن نقوی نے مطالبہ کیا کہ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کیا جائے، موسمیاتی تغیرات سرحدوں سے بے نیاز عالمی مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے پنجاب حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کیلیے مشترکہ عالمی کاوشوں کی ضرورت ہے، اسموگ کی صورتحال سے پاکستان اور بھارت مساوی متاثر ہو رہے ہیں۔
کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا کہ اسموگ کے خاتمے کیلیے بھارت اور پاکستان کو مشترکہ کوشش کی ضرورت ہے، ماحولیات کے بہتر اور پائیدار مستقبل کیلیے مل کر کام کرنا ہوگا۔