مالاکنڈ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم کو ذہنی بیمار قرار دے دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فرعون اور فسادی ہیں جن کو ملک کی کوئی فکر نہیں، انہوں نے سیاست میں گالم گلوچ اور بدتمیزی کو فروغ دیا، وہ ذہنی بیمار شخص ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ کوئی عزت نفس والا شخص بانی پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں چل سکتا، وہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں جس کا مقصد عوام اور فوج کو آپس میں لڑانا ہے، ان کے اس طرز عمل سے بھارت کے ہاتھ مضبوط ہوئے۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلیے سیاست کر رہا ہوں، بانی پی ٹی آئی اور اس کے بداخلاق ساتھیوں کو کیا پتا خدمت کیا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے مسائل کا حل دیانت دار قیادت میں ہے لیکن حکمرانوں نے صرف اپنی تجوریاں بھری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نااہل قیادت کی وجہ سے وسائل سے مالا مال ملک تباہ ہو چکا، صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات ہم نے کیں۔
دو ہفتے قبل نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا منشور جھوٹ پر مبنی تھا، وہ فرعون ہے اور میں ہی اس کی فرعونیت ختم کروں گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو نجات دہندہ سمجھنے والوں کو اصل چہرہ نظر آگیا، صحت کارڈ اور تعلیمی اصلاحات میں سربراہ پی ٹی آئی کا کوئی کردار نہیں تھا، خیبر پختونخوا میں اصلاحات اور ترقیاتی کام میری وجہ سے ہوئے۔