خانیوال چیف آرگنائزر و نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ مخالفین آنکھیں کھول کر دیکھ لیں جلسوں میں عوام کا سمندر بتا رہا ہے مہنگائی کے ذمہ دارے ہم نہیں ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں نواز شریف کو ہرانے کیلیے الیکشن چوری اور آر ٹی ایس بند کرنا پڑا لیکن پھر بھی ن لیگ نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، آج میدان میں کوئی نہیں ہے، یہ بزدلوں کی طرح جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم نے انتقام اور جھوٹے کیسز کا سامنا کیا لیکن کوئی (ن) لیگی رہنما نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں گیا، ہمارے لوگوں نے پریس کانفرنسز کی لائنیں نہیں لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ اقتدار سے نکلو تو جھوٹا سائفر لہرا دو، 9 مئی کو ریاست پر حملہ کر دو، پولیس پر پیٹرول بم پھینکوں اور ڈنڈے چلاؤ، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کرو؟ نواز شریف کے سینے میں قومی راز دفن ہیں کیا ایک بھی قوم کے سامنے رکھا؟ اقتدار سے جانے کے بعد وہ عوام میں چلا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا نواز شریف کبھی ویل چیئر پر بیٹھا اور کیا کبھی ٹانگ پر پلاسٹر چڑھایا؟ کیا اس نے جھوٹا انٹرا پارٹی الیکشن کروایا؟ میں نے بھی مشکلات کا سامنا کیا، ضمنی الیکشن میں ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا لیکن ہم نے آخری گیند تک ان کا مقابلہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کوئی یہ کہہ دے کہ نواز شریف نے کبھی ملکی سلامتی سے کھیلا ہو، ان کو سزا آپ کا ساتھ نبھانے کی اور دن رات خدمت کرنے کی، وہ انتقام نہیں لے رہا بلکہ آسمان کی طرف دیکھ کر کہا تھا اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔
بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج نوجوان جو 9 مئی کو حملہ کرنے پر جیل میں بند ہیں ان کو ترغیب تم نے دی، کیا آپ کو وہ شخص چاہیے جس کے اپنے بچے باہر اورقوم کے بچے جیلوں میں ہیں؟ وہ شخص چاہیے جو آپ کیلیے روزگار لاتا ہے یا وہ جس کی وجہ سے قوم کے بچے جیلوں میں ہیں؟
مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف حکومت میں آنے کیلیے نہیں بلکہ آپ کی خدمت کیلیے مضبوط حکومت بنانا چاہتا ہے، نواز شریف اس لیے مضبوط حکومت چاہتا ہے تاکہ مہنگائی ختم کر سکے، وہ چاہتا ہے روٹی، چینی، آٹا، بجلی، گیس اور پیٹرول پھر سے سستا ہو۔