سوات کے علاقے باغ ڈھیرئی میں دیار کی قیمتی لکڑی سے 8 سال میں تیار کی گئی مسجد اپنی مثال آپ ہے۔
مسجد کی تعمیر میں استعمال کی گئی دیار کی نایاب لکڑی اور اس پر بنائے گئے خوبصورت نقش و نگار فن تعمیر کا ایک خوبصورت شاہکار ہیں، مسجد کے در و دیواراور منبر سمیت چھت اور فانوس تک دیار کی قیمتی لکڑی کے بنے ہو ئے ہیں، مسجد کی تعمیر ایسی ہے کہ کہیں ایک کیل بھی استعمال نہیں ہوئی، پورے مسجد میں کوئی ستون بھی نہیں ہے۔
مسجد کی تعمیر سے متعلق عمائدین علاقہ کا کہنا ہے کہ مسجد کی تعمیر میں 8 سال کا عرصہ لگا، مسجد کی تعمیر 2001 میں شروع ہو ئی اور 2008 میں مکمل ہو ئی، مسجد کی تعمیر میں صرف دیار کی لکڑی استعمال ہو ئی ہے، لکڑی کا ہر پھول دوسرے پھول سے مختلف ہے جبکہ تعمیر کے دوران ہاتھ سے کی گئی کندہ کاری کاریگروں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔