کراچی میں ایک مرتبہ پھر اسکول اور کالج وین ڈراٸیورز نے ہڑتال کر دی جس کے باعث طلبہ و طالبات کو اسکول پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی میں چند روز قبل اسکول وین میں آتشزدگی سے بچوں کے جھلسنے کے واقعے کے بعد شہر بھر میں گیس سلنڈر لگی اسکول وین چلانے پر پابندی ہے جس کے خلاف آل کراچی اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن کی جانب سے آج سے ہڑتال کی جارہی ہے۔
اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ آج طلبہ کو پک اینڈ ڈراپ فراہم نہیں کر رہے، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے اس وقت تک ہڑتال جاری رہے گی۔
وین ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ معیاری گیس سلنڈز پر گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جاٸے اور ضبط کیے گئے 1500 سی این جی سلنڈر واپس کیے جائیں۔
دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت کے لیے سندھ حکومت نے سی این جی سلینڈرز کے خلاف ایکشن لیا، ڈرائیورز قانون کی پاسداری کریں اور اسکول وینز میں سی این جی سلینڈرز نہ لگائیں اور ہڑتال ختم کردیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ اسکول وینز میں سی این جی سلینڈرز لگانے پر عدالت نے پابندی لگائی ہے، کچھ دن پہلے اورنگی ٹاؤن میں اسکول وین میں آگ لگنے سے 8 بچے زخمی بھی ہوئے تھے،سید اویس قادرشاہ
یاد رہے کہ 5 جنوری کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔