نواسہ رسولﷺ، حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا کی یاد میں ملک کے مختلف شہروں سے8 محرم کے جلوس آج برآمد ہوں گے ۔
کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں 8 محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
کراچی میں 8 محرم کے جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی گلیوں اور راستوں کو سیل کر دیا گیا۔
ایم اے جناح روڈ،کوریڈور3 اور صدر کے مختلف مقامات پر کنٹینر رکھ کر راستے بند کردیے گئے ہیں۔
کراچی میں آج سے 10محرم الحرام کے دوران اورنج لائن اور گرین لائن بس سروس معطل رہے گی جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
لاہور بھر میں مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر 05ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہرمیں 08محرم الحرام کی مناسبت سے 425 مجالس اور87 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، آج منعقد ہونے والی مجالس میں اے کیٹگری کی43 ،بی کیٹگری کی 283 اور سی کیٹیگری کی 99مجالس شامل ہیں۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ، سپروائزری افسران مجالس و جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور محکمہ داخلہ کے جاری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ٹریفک پولیس، ڈولفن، پی آر یو،اینٹی رائٹ فورس سمیت لاہور پولیس کے تمام ونگز اور رضا کار مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے متحرک ہیں۔ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
سی سی پی او کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس سمیت اہم مقامات کے اطراف موثرپٹرولنگ یقینی بنائیں۔