مقبوضہ گولان میں اسرائیلی تنصیبات پر حملے کے بعد اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے کے قریب ڈرون حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں 2 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 33 فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 92 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنانی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 جاں بحق اور ایک بچے سمیت 3 افراد کے زخمی ہوگئے۔ لبنانی ریسکیو کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والے لبنانی مزاحمت کار تھے یا پھر عام شہری تھے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر سعودی عرب کی جانب سے اپنے شہریوں کو لبنان فوری طور پر چھوڑنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی ملٹری نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی ائیر ڈیفنس نے لبنان سے اسرائیل کے علاقے مغربی گلیلی میں داخل ہونے والا ایک ڈرون مار گرایا ہے۔ادھر مقبوضہ گولان پر حملے کا الزام حزب اللہ پر عائد کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اسرائیل کی سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
حماس اور اسرائیل ایک دوسرے پر مذاکرات میں تعطل کا الزام عائد کر رہے ہیں تو دوسری جانب غزہ میں اسرائیل اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، غزہ میں طبی ذرائع کےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسرائیل حملوں میں 33 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کے اسپتالوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے 45 امریکی ڈاکٹروں پر مشتمل طبی گروپ کے امریکی صدر اور نائب صدر کو لکھے گئے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سات اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک بانوے ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں، امریکی ڈاکٹروں کے گروپ حکومت سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کرائی جائے، حکومت ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ایسا کرنے کی پابند ہے، امریکی ڈاکٹروں کے گروپ نے امریکی انتظامیہ سے اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کرنے سمیت اقتصادی اور سفارتی مدد روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔