بٹ کوائن کی قیمت میں اضافے نے اعلیٰ فیشن برانڈز اور ریٹیلرز کو متوجہ کیا ہے۔ یہ برانڈز اب کرپٹو کرنسی کو بطور ادائیگی اختیار کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں تاکہ وہ نئی دولت کے حامل افراد تک رسائی حاصل کر سکیں اور کرپٹو سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنا سکیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کچھ عرصہ قبل تک صرف چند لگژری برانڈز بشمول ایل وی ایم ایچ واچ لیبلز ہبلوٹ، ٹیگ ہیور، کیرنگ کی ملکیت والے فیشن برانڈز گوچی اور بیلنسیاگا نے کرپٹو ادائیگی کی پیشکشوں کے تجربات کیے ہیں۔
حالیہ ہفتوں کے دوران فرانسیسی پرتعیش ڈپارٹمنٹ اسٹور ’پرنٹیمپس‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج، بائیننس اور فرانسیسی فنانشل ٹیک کمپنی لیزی کے ساتھ مل کر فرانس میں اپنے اسٹورز میں بٹ کوائن اور ایتھیریم سمیت کرپٹو کرنسیوں کو قبول کر رہا ہے اور ایسا کرنے والا پہلا یورپی ڈپارٹمنٹ اسٹور بن گیا ہے۔
بٹ کوائن کی قدر میں اضافے کے ساتھ سامنے آنے والے اس اقدام کو دیگر برانڈز اور ریٹیلرز نے بھی دیکھا ہے جو اس میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔
بائیننس فرانس کے صدر ڈیوڈ پرنکے کا کہنا ہے کہ بہت سی کالز موصول ہوئی ہیں جن میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
لگژری لائٹر اور قلم بنانے والی کمپنی ایس ٹی ڈوپونٹ نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ اس کا مقصد کرسمس کی تعطیلات سے قبل پیرس کے 2 اسٹورز میں کرپٹو کرنسی کی ادائیگیاں قبول کرنا ہے۔
تجربات کے دائرے میں، کروز کمپنی ورجن وائجز نے اس ماہ اپنی پہلی پروڈکٹ پیش کرنا شروع کی، جس میں بٹ کوائن کو ادائیگی کے آپشن کے طور پر قبول کیا گیا تھا، یہ کمپنی اپنے کروز جہازوں پر ایک سال تک سفر کرنے کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر کا سالانہ پاس آفر کرتی ہے۔
ریگولیٹرز نے خبردار کر رکھا کہ بٹ کوائن جیسی کرپٹو کرنسیاں بڑے خطرے والے اثاثے ہیں، حقیقی دنیا میں محدود استعمال کے ساتھ، اتار چڑھاؤ ادائیگی کے ذریعہ کے طور پر وسیع پیمانے پر اپنانے میں ایک اور رکاوٹ رہا ہے، لیکن نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حمایت کے وعدوں نے، جن سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ زیادہ دوستانہ ای کرنسی ریگولیشن لائیں گے، بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
ایس اینڈ پی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیانیہ تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ مالیاتی مارکیٹوں میں بلاک چین جدت طرازی کرپٹو کرنسیوں کے لیے پیشگوئی میں اضافہ کر سکتی ہے۔
’جدید برانڈنگ کی تلاش‘
لگژری لیبلز طویل عرصے سے سلیکون ویلی کے بڑے مالز میں اسٹور کھول کر اور ہرمز ایپل واچ جیسی مصنوعات جاری کرکے ٹیکنالوجی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے خوشحال خریداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مثال کے طور پر، یہ فرانسیسی برکن بیگ بنانے والی کمپنی کے چمڑے کی پٹیوں کو ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے منسلک ٹائم پیس کے ساتھ جوڑتا ہے۔
اب بٹ کوائن کی حالیہ بلند ترین سطح ایک لاکھ 7 ہزار ڈالر سے تجاوز کرنے کے بعد پیدا ہونے والی نئی دولت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب لگژری انڈسٹری کو برسوں کی سب سے بڑی گراوٹ کا سامنا ہے اور یہ ترقی کے نئے ذرائع تلاش کر رہی ہے۔
ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز میں ڈیجیٹل اثاثوں کے سربراہ تجزیہ کار اینڈریو اونیل نے کہا کہ کرپٹو کرنسی ادائیگیوں کی پیش کش کمپنیوں کے لیے ایک بھرے ہوئے پرانے برانڈ کے بجائے خود کو جدید برانڈ کے طور پر پیش کرنے کا طریقہ ہوسکتا ہے، جو صرف بومرز کو فروخت کر رہا ہے۔
ادائیگی کا آپشن بڑی حد تک علامتی رہتا ہے، اینڈریو اونیل نے کہا کہ خوردہ فروش عام طور پر اتار چڑھاؤ کے خطرات کو دور کرنے کے لیے فنڈز کو یورو یا ڈالر میں تبدیل کرتے ہیں، جبکہ زیادہ تر خریداروں کے لیے ادائیگی کے طریقوں کو پے پال یا وینمو جیسے پلیٹ فارمز نے پہلے ہی حل کردیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن کے سرمایہ کاروں کے لیے جنہوں نے اپنی سرمایہ کاری کی قدر میں زبردست اضافہ دیکھا ہے، لگژری اشیا، ڈیزائنر ہینڈ بیگ یا ہائی اینڈ واچ، کسی کے پورٹ فولیو کو متنوع بنانے کے لیے ایک واضح انتخاب ہیں۔