پنجاب کے تعلیمی اداروں میں نویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے غیر تسلی بخش نتائج سامنے آنے کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب نے ناقص کارکردگی دکھانے والے اسکولوں کے اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے صوبے بھر میں ان اسکولوں کی فہرست طلب کر لی ہے جن کے نویں اور دسویں جماعت کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب نے سب سے پہلے اپنی تحصیل کے اسکولوں سے کارروائی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خراب نتائج والے اسکولوں کے اساتذہ کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی آپشن پر بھی غور جاری ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اپنی تحصیل کے تمام اسکولوں کی فہرست طلب کر لی گئی ہے اور کارروائی کا آغاز پتوکی کے اسکولوں سے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور بورڈ کی جانب سے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے مطابق لاہور ڈویژن کے 55 فیصد طلبہ امتحانات میں ناکام قرار پائے۔ فیل ہونے والوں میں لڑکوں کی تعداد زیادہ رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق کل 3 لاکھ 8 ہزار طلبہ میں سے 1 لاکھ 69 ہزار امیدوار امتحانات میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ کے 53 فیصد جبکہ آرٹس گروپ کے 63 فیصد طلبہ امتحانات میں فیل ہوئے