گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبائی موٹر وہیکلز ترمیمی بل 2025 پر باضابطہ طور پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ قانون فوری طور پر نافذالعمل ہو گیا ہے۔ اس قانون سازی کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے۔
بل کے مطابق موٹر وہیکلز قوانین کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نئی ترامیم میں خاص طور پر ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء پر مزید شرائط شامل کی گئی ہیں، جن کے تحت ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی لائسنس حاصل کرنے والوں کے لیے پری لائسنس ٹریننگ کورس لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
مزید برآں، بل میں ڈرائیورز کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈرائیور کے خلاف پوائنٹس جمع ہوں گے، اور ایک حد سے زیادہ پوائنٹس پر ڈرائیونگ لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق یہ قانون آئین کے آرٹیکل 116 کے تحت نافذ کیا گیا ہے اور فوری طور پر اس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی دوران سندھ میں موٹر سائیکلوں کی نئی نمبر پلیٹس کے اجرا کی تاریخ میں بھی توسیع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس قانون کے ذریعے سندھ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔