ایوانِ صدر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ یہ اجلاس یکم ستمبر کو شام 5 بجے منعقد ہوگا، جس میں اہم قومی امور اور پالیسی معاملات زیرِ غور لائے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر طلب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ آئندہ پیر سے شروع ہونے والے اس پارلیمانی اجلاس کو نبی کریم ﷺ کے 1500 ویں میلادالنبیؐ سے منسوب کیا جائے گا۔
ایوان صدر کے مطابق اجلاس کے ابتدائی دو دن شانِ رسالت ﷺ کے بیان اور خصوصی تقاریر کے لیے مختص ہوں گے۔ اس کے بعد اجلاس کو دو دن کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا تاکہ اراکینِ اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں جا کر سیلاب سے متاثرہ عوام کی امدادی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔
یہ اجلاس نہ صرف اہم قومی امور پر بحث کے لیے بلایا گیا ہے بلکہ اسے مذہبی عقیدت اور عوامی خدمت دونوں پہلوؤں کو یکجا کرنے کے لیے ایک منفرد موقع بھی قرار دیا جا رہا ہے۔