وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کو سہولت پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے پاور ڈویژن جامع اور مؤثر پالیسی سفارشات تیار کرے تاکہ معیشت کو مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ بات وزیراعظم کی زیر صدارت صنعت اور زراعت کے شعبے کے لیے پاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج پر ہونے والے جائزہ اجلاس میں کہی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی اور مجوزہ اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی پیداوار سے وابستہ تمام ادارے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔ زراعت اور صنعت کے شعبے کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کے مثبت اور زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس سے صنعتی مصنوعات اور زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو سکے۔ پاور ڈویژن کو جامع حکمتِ عملی کے ساتھ مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی تنظیم نو اور سمیڈا کے کردار پر بھی ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کی شمولیت میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں اور اس حوالے سے عوامی سطح پر آگاہی پیدا کی جائے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ انہیں کاروبار میں وسعت کے لیے قرضوں تک آسان رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا کے روڈ میپ کے نفاذ کے لیے واضح مدت طے کی جائے اور اس پر جلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر وزارتِ صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔