قومی ایئرلائن کی کراچی سے سکھر روانہ ہونے والی پرواز پی کے 536 کو اچانک پیش آنے والی فنی خرابی کے باعث اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد واپس کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پرواز نے کراچی ایئرپورٹ سے معمول کے مطابق اڑان بھری تھی، تاہم تقریباً 17 منٹ بعد طیارے میں اچانک فنی مسئلہ پیدا ہوا، جس کے باعث پائلٹ نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات اختیار کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے طیارے میں پیدا ہونے والی خرابی سے متعلق ایئر ٹریفک کنٹرول کو فوری طور پر آگاہ کیا، جس کے بعد ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ واپس لانے کی اجازت دے دی گئی۔ طیارہ مکمل احتیاط کے ساتھ واپس اتار لیا گیا اور پرواز کو بعد ازاں منسوخ کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق طیارے میں وزیرِ بلدیاتِ سندھ ناصر حسین شاہ، میئر سکھر ارسلان شیخ اور دیگر مسافر موجود تھے۔ فنی خرابی کے باعث پرواز کی منسوخی کے بعد ناصر حسین شاہ طیارے سے اتر کر ایئرپورٹ سے واپس روانہ ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر بلدیات کو اگلے روز سکھر میں ایک اہم تقریب میں شرکت کرنا تھی، تاہم پرواز کی منسوخی کے باعث ان کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ ایئرلائن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ فنی خرابی کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔