مضر صحت کھانا کھانے سے کراچی میں 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔
کراچی میں مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے، پانچوں بچوں کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب نجی اسپتال منتقل کردیا گیا، ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق فیصل نامی شخص اپنی فیملی کے ہمراہ جمعرات کی شب کوئٹہ سے کراچی آیا تھا، معلومات حاصل کر رہے ہیں کہ فیصل اپنی فیملی کے ہمراہ کدھر ٹھرے تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کاعبدالعلی، 4 سال کا عزیز فیصل، 6 سال کی عالیہ، 7سال کا توحید اور 9 سال کی صلویٰ شامل ہے۔
ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ فیملی نے گزشتہ شب صدر کے ایک ہوٹل سے کھانا کھایا تھا۔
حکومت سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو ریسٹورنٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے اور رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ آئی جی سندھ نے بھی 5 بچوں کی موت پر ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کی ہے۔
یاد رہے کہ تین ماہ قبل بھی کراچی میں دو بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئےتھے اور پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر کے ہوٹل سیل کردیا تھا۔ مضر صحت کھانا کھانے سے ایک خاتون متاثر بھی ہوئی تھی۔