پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے انٹرنیٹ سروسز سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جنوری کو ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر فعال اور بلا تعطل دستیاب رہیں گی۔
پی ٹی اے کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے انٹرنیٹ بند ہونے یا سروسز متاثر ہونے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات بے بنیاد، گمراہ کن اور حقیقت کے منافی ہیں، جن کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اس وقت سب میرین کیبلز کی روٹین دیکھ بھال کا عمل جاری ہے، تاہم یہ تکنیکی سرگرمیاں انٹرنیٹ سروسز کے تسلسل یا رفتار پر کسی قسم کا منفی اثر نہیں ڈالیں گی۔
پی ٹی اے کا مزید کہنا ہے کہ صارفین کو بلا تعطل اور معیاری انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کے لیے نیٹ ورک سسٹمز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ تکنیکی مسئلے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور انٹرنیٹ سروسز سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔