وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ کے قریب دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم زخمیوں کی حتمی تعداد کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ادارے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر دھماکے کی نوعیت خودکش ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی رائے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دی جا سکے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی مکمل وجوہات اور پس منظر سامنے لایا جا سکے۔
دھماکے کے بعد قریبی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔